غزہ پر اسرائیل کی وحشیانہ بمباری، دنیا سے رابطہ مکمل کٹ گیا

غزہ پر اسرائیلی زمینی اور فضائی حملوں کے نتیجے بڑے پیمانے پر ہلاکتوں کا خدشہ ہے۔ مزید برآں، غزہ کا مواصلاتی ڈھانچہ مکمل طور پر تباہ ہو چکا ہے، اور بیرونی دنیا سے تمام تعلقات منقطع ہو چکے ہیں۔

الجزیرہ نے رپورٹ کیا ہے کہ حالیہ اسرائیلی فضائی حملوں کے نتیجے میں غزہ میں مواصلاتی ڈھانچے کو نقصان پہنچا ہے۔ اسرائیلی فوجیوں کی جانب سے کیے گئے وحشیانہ آپریشن اور بے رحمانہ حملے کے نتیجے میں غزہ کا پورا مواصلاتی ڈھانچہ تباہ ہو گیا ہے۔

فلسطینی علاقوں میں انٹرنیٹ اور موبائل فون نیٹ ورک تک رسائی بھی ختم ہو گئی ہے۔

عرب میڈیا رپورٹ کر رہا ہے کہ غزہ پر سو سے زائد طیارے ٹینکوں اور توپوں کے ساتھ حملے کر رہے ہیں جس سے بڑے پیمانے پر تباہی اور آگ پھیل رہی ہے۔

اسرائیلی فوج کے ترجمان ڈینیئل ہگاری کے مطابق آج رات ہماری افواج غزہ میں زمینی کارروائی کا دائرہ بڑھا رہی ہیں جس میں کئی علاقوں پر شدید گولہ باری بھی ہوگی۔

انہوں نے غزہ شہر کے مکینوں کو مشورہ دیا کہ وہ جنوب کی طرف نکل جائیں، جہاں ان کا خیال ہے کہ اسرائیلی فضائی کارروائیاں نہیں ہوں گی۔

ہگاری کے مطابق، ہمارے فوجی یرغمالیوں کو واپس لینے کے اس مشن کو جلد ہی مکمل کر لیں گے، اور ہم ہر طرح سے اپنے دفاع کے لیے تیار ہیں۔

وزیر صحت کے مطابق اسرائیل کی تازہ ترین کارروائی سے قبل غزہ پر وحشیانہ گولہ باری میں 7,400 سے زائد فلسطینی مارے گئے تھے اور 20,000-25,000 زخمی ہوئے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں