صدر اور چیف الیکشن کمشنر میں اتفاق، الیکشن کمیشن کا 8 فروری کو ملک بھر میں انتخابات کا اعلان

سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے ملاقات کی جس میں فیصلہ کیا گیا کہ عام انتخابات 8 فروری کو ہوں گے۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے ایوان صدر اسلام آباد میں چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ اور ان کے وفد نے ملاقات کی۔ اس سے قبل صدر مملکت سے اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان نے بھی ملاقات کی تھی۔

الیکشن کمیشن نے اعلان کیا ہے کہ صدر اور چیف الیکشن کمشنر نے عام انتخابات کی تاریخ 8 فروری 2024 کو طے کر لی ہے۔

ترجمان الیکشن کمیشن نے اعلان کیا ہے کہ عام انتخابات 8 فروری بروز جمعرات کو ہوں گے۔

ایوان صدر نے اس حوالے سے اعلامیہ بھی جاری کیا ہے۔

الیکشن کمیشن کل سپریم کورٹ کو انتخابات کی حتمی تاریخ سے آگاہ کرے گا۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن کے وکیل آج سپریم کورٹ میں 90 روز میں انتخابات سے متعلق مقدمے کی سماعت کے دوران پیش ہوئے اور کہا کہ الیکشن کمیشن 11 فروری 2024 کو انتخابات کرانے کے لیے تیار ہے۔

عدالت نے حکم دیا ہے کہ الیکشن کمیشن آج صدر کے ساتھ انتخابی تاریخ پر بات کرے اور عدالت کو وہ تاریخ کل فراہم کرے۔

سپریم کورٹ کی ہدایت پر چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے الیکشن کمیشن کے دیگر ارکان کے ہمراہ اور اٹارنی جنرل منصور عثمان نے صدر مملکت عارف علوی سے ملاقات کی۔

ملاقات ایک گھنٹے سے زائد جاری رہی، تین تاریخوں 28 جنوری، 4 اور 11 فروری پر مشاورت کی گئی، 11 فروری کو کمیشن کے جانب سے موزؤں قرار دیا گیا۔

ملاقات میں چیف الیکشن کمشنر اور صدر کے درمیان الیکشن کے تاریخ پر اتفاق نہ ہوسکا۔ چیف الیکشن کمشنر ایوان صدر سے روانہ ہوئے۔ بعد میں اٹارنی جنرل نے صدر مملکت کا پیغام چیف الیکشن کمشنر کو بھیجا اور صدر مملکت کا موقف ان کے سامنے پیش کیا۔

اس کے بعد 8 فروری کو انتخابات کے شیڈول پر اتفاق رائے ہو گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں